وفاقی حکومت کا اسلام آباد کے کسانوں کیلئے بڑا ریلیف پیکج، چھوٹے کاشتکاروں کیلئے خصوصی سبسڈی پروگرام شروع

11

اسلام آباد، 15 اپریل ( اے پی پی): وفاقی حکومت نے اسلام آباد کے کسانوں کے لیے بڑے ریلیف پیکج کا اعلان کرتے ہوئے خصوصی سبسڈی پروگرام شروع کر دیا۔

سبسڈی پروگرام کے تحت ساڑھے 12 ایکڑ سے کم ملکیتی اراضی رکھنے والے چھوٹے کاشتکار براہِ راست مستفید ہو سکیں گے۔

ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کے مطابق پروگرام کا حصہ بننے کے لیے کسانوں کی سہولت کی خاطر ‘پاکستان آسان خدمت ایپ’ متعارف کرائی گئی ہے، جہاں وہ محض تین سادہ مراحل میں اپنی ذاتی معلومات اور ضروری دستاویزات اپلوڈ کر کے رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔

انتظامیہ کے مطابق وہ کاشتکار جو سمارٹ فون استعمال نہیں کرتے، ان کے لیے 1725 ہیلپ لائن کی سہولت فراہم کی گئی ہے تاکہ کوئی بھی مستحق کسان اس مراعاتی عمل سے محروم نہ رہے، جبکہ شہری گوگل پلے اسٹور پر دیے گئے لنک سے باآسانی ایپ ڈاؤن لوڈ کر کے اس حکومتی اقدام سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔