اسلام آباد، 7 اپریل (اے پی پی ):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور یوریشین اکنامک کمیشن کے وزیر آندرے سلپنیف کے درمیان اسلام آباد میں اعلیٰ سطحی ویڈیو میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں دوطرفہ تجارت کے فروغ اور اقتصادی تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دوستانہ اور تعمیری گفتگو ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ یوریشین وزیر نے پاکستان کو خطے میں ایک اہم اور ابھرتا ہوا تجارتی شراکت دار قرار دیتے ہوئے جنوبی ایشیا کے ممالک کے ساتھ تعلقات کے فروغ کو اپنی ترجیحات میں شامل قرار دیا۔
وفاقی وزیر تجارت نے لاجسٹکس، توانائی، ڈیجیٹل تجارت اور صنعتی شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش ظاہر کی اور پاکستان اور یوریشین یونین کے درمیان ممکنہ تجارتی معاہدے پر باضابطہ بات چیت شروع کرنے کی حمایت کی۔
اجلاس میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ مشترکہ فزیبلٹی اسٹڈی کے بعد ترجیحی تجارتی نظام متعارف کرایا جا سکتا ہے، جبکہ اس مقصد کے لیے مشترکہ فزیبلٹی اسٹڈی گروپ کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔
دونوں فریقین نے اس بات کا اعتراف کیا کہ پاکستان اور یوریشین یونین کے درمیان تجارت اور اقتصادی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں اور مستقبل میں قریبی و پائیدار شراکت داری کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔











