وفاقی وزیر خزانہ کی پیپلز بینک آف چائنا کے صدر سے ملاقات، مالی تعاون اور مارکیٹ رسائی پر تبادلہ خیال

6

 

واشنگٹن ڈی سی ، 16 اپریل  (اے پی پی): وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاس 2026 کے موقع پر پیپلز بینک آف چائنا کے صدر ڈاکٹر پان گونگ شینگ سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ میں پاکستان کے لیے چین کی مسلسل حمایت کو سراہا۔

سینیٹر اورنگزیب نے آگاہ کیا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کے ساتھ ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی (EFF) کے تیسرے جائزے اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی (RSF) کے دوسرے جائزے کے لیے اسٹاف لیول معاہدہ کامیابی سے مکمل کر لیا ہے، جس کی منظوری جلد متوقع ہے۔

وزیر خزانہ نے پاکستان کے پہلے پانڈا بانڈ کے اجرا سے متعلق پیش رفت سے بھی آگاہ کیا اور نیشنل ایسوسی ایشن آف فنانشل مارکیٹ انسٹی ٹیوشنل انویسٹرز (NAFMII) سے اس کی جلد منظوری کی درخواست کی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان نے حال ہی میں یورو بانڈ کی ادائیگی مکمل کی ہے اور سعودی عرب سے اضافی مالی معاونت بھی حاصل کی ہے۔

وزیر خزانہ نے خطے میں جاری صورتحال کے فوری معاشی اثرات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت نے ان سے نمٹنے کے لیے ہدفی سبسڈیز اور طلب کے انتظام سے متعلق اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

ملاقات کے اختتام پر ڈاکٹر پان گونگ شینگ نے وزیر خزانہ کو جلد بیجنگ کے دورے کی دعوت دی۔