راولپنڈی، 16 اپریل(اے پی پی): پاکستان-ترکی جوائنٹ کمانڈو اور سپیشل فورسز کی مشق جناح 13 ترکئی میں کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئی، جس میں انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔ پاکستان آرمی کی جنگی ٹیموں نے اپنے ترک ہم منصبوں کے ساتھ انقرہ اور اسپارتا میں تربیتی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔
مشق نے اپنے تمام تربیتی اور فوجی سفارت کاری کے مقاصد حاصل کر لیے۔ دونوں ممالک کے دستوں نے پوری مشق کے دوران پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل عمدگی کے اعلیٰ ترین معیارات کا مظاہرہ کیا۔
مشق کا بنیادی مقصد انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں سے متعلق مشقوں، طریقہ کار اور تکنیک کو بہتر بنانا تھا۔ مشترکہ تربیت کے ذریعے تعمیر شدہ علاقوں میں لڑائی اور دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات (IEDs) کا مقابلہ کرنے پر خصوصی زور دیا گیا۔ مزید برآں، مشق نے دونوں دوست ممالک کے درمیان دیرینہ اور تاریخی ملٹری ٹو ملٹری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا کام کیا۔











