پاکستان نے مذاکرات کامیاب کرانے اور  دونوں ممالک کے درمیان فاصلے کم کرانے کے لیے شاندار کاوشیں کیں، امریکی نائب صدر

17

اسلام آباد،12اپریل (اے پی پی):  امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے مذاکرات کی بہترین میزبانی پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے مذاکرات کامیاب کرانے اور  دونوں ممالک کے درمیان فاصلے کم کرانے کے لیے شاندار کاوشیں کیں۔

ان خیالات کا اظہار  انہوں نے یہاں امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات سے متعلق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

جے ڈی وینس نے کہا کہ اکیس گھنٹے کے دوران ایرانی وفد کے ساتھ  متعدد اور اہم معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا ہے  یہ اچھی خبر ہے اور بری خبر یہ ہے کہ ہم کسی سمجھوتے پر نہیں پہنچے اور میرے خیال میں یہ امریکا سے بھی زیادہ ایران کے لیے بری خبر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کسی معاہدے کے بغیر امریکا واپس جائیں گے،ہم نے اپنی شرائط واضح طور پر پیش کی ہیں،مذاکرات میں نیک نیتی سے شرکت کی،ہم نے اپنی ریڈ لائن واضح کر دی ہے کہ کون سی چیزوں پر گنجائش دے سکتے ہیں اور کون سی چیزوں پر نہیں لیکن ایران نے ہماری شرائط کو تسلیم نہ کرنے کا انتخاب کیا، ایرانی حکام سے کہا ہے کہ ہماری تجاویز تسلیم کر لیں۔

انہوں نے کہا کہ واضح یقین دہانی کی ضرورت ہے کہ ایران جوہری ہتھیار نہیں بنائے گا،ہمارا بنیادی ہدف یہ ہے کہ مستقبل میں ایران ایٹمی ہتھیار حاصل نہ کرے،ہم ایران کو بہترین آفر دے کر جا رہے ہیں،یہ ہماری حتمی اور بہترین پیشکش ہے،اب دیکھتے ہیں کہ ایران ہماری پیشکش پر کیا جواب دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ شاندار میزبانی پر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے شکر گزار ہیں-