اسلام آباد،26اپریل (اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پہلگام واقعہ پر وزیراعظم محمدشہباز شریف نے بھارت کو عالمی سطح پر بے نقاب کیا، پاکستان نے بھارتی بلیم گیم کا بھرپور اور موثر جواب دیا۔
اتوار کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایک سال قبل وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں کیڈٹس سے خطاب کے دوران پہلگام واقعے کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف کو واضح انداز میں پیش کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ 24 اپریل 2025ء کو نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان نے بھارت کے الزامات کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا جس کے بعد 26 اپریل 2025ء کو وزیراعظم نے پی ایم اے کاکول میں اپنے خطاب کے دوران اس بات پر زور دیا کہ پہلگام جیسے واقعات کی آڑ میں پاکستان پر بے بنیاد الزامات کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔ وزیراعظم نے اس واقعے کو ایک سانحہ قرار دیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے پہلگام واقعے کے متاثرین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور عالمی سطح پر افسوس و تشویش بھی ظاہر کی جبکہ اس کے برعکس بھارت کی جانب سے دہشت گردی کے واقعات پر نہ تو مذمت کی جاتی ہے اور نہ ہی افسوس کا اظہار سامنے آتا ہے۔ یہ ایک واضح فرق ہے کہ پاکستان دہشت گردی کا مقابلہ کر رہا ہے جبکہ بھارت دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے۔ پوری دنیا کے سامنے دہشت گردی کو فروغ دینے اور دہشت گردی کا مقابلہ کرنے والوں کا فرق بالکل عیاں ہوچکا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کی مذمت کی ہے اور متاثرین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے، جبکہ بھارت کی جانب سے اس طرح کے واقعات پر سنجیدہ ردعمل سامنے نہیں آتا۔ ان کے مطابق یہ ایک واضح فرق ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف برسرپیکار ہے جبکہ بھارت پر اس کی پشت پناہی کے الزامات سامنے آتے رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں، جن میں ہزاروں جانوں کا نقصان اور بھاری معاشی خسارہ شامل ہے۔ اس کے باوجود ملک دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔
عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی جانب سے پہلگام واقعے کی غیر جانبدار تحقیقات کی پیشکش ایک اہم سفارتی قدم تھا، جس کے بعد عالمی برادری نے پاکستان کے مؤقف کو سنجیدگی سے لیا جبکہ بھارت اس معاملے پر دباؤ کا شکار ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور افواجِ پاکستان ہر قسم کی جارحیت کا مؤثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔ مزید برآں، انہوں نے پانی کے معاملے پر بھی واضح کیا کہ پاکستان اپنے حقوق پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
آخر میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان سچ اور حقائق کی بنیاد پر اپنی پالیسی آگے بڑھا رہا ہے اور عالمی سطح پر اس کی ساکھ میں مسلسل بہتری آ رہی ہے۔ملک کے دفاع کو موثر انداز میں یقینی بنایا اور ہر سطح پر اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔











