چانگشا،26 اپریل ( اے پی پی): صدر مملکت آصف علی زرداری نے حنان ٹی گروپ کمپنی لمیٹڈ کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران صدر مملکت کو حنان ٹی گروپ کے آپریشنز، سپلائی چین اور بین الاقوامی مارکیٹ تک رسائی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ حنان ٹی گروپ کے چیئرمین ژوژونگ وانگ نے صدر مملکت کو بریفنگ دی۔
صدر مملکت کو چائے کی کاشت، پراسیسنگ، تحقیق اور مارکیٹنگ کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ماحولیاتی چائے کے باغات، خصوصی پیداواری سہولیات اور تقسیم کے نظام کو اس انداز میں منظم کیا گیا ہے کہ وہ مقامی فروخت اور برآمدات دونوں کی معاونت کرتے ہیں۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ حنان ٹی گروپ صوبے میں چائے کی ضروریات کے لیے ایک مربوط پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے جو کاشتکاروں، صنعت اور تحقیقی اداروں کو برانڈنگ اور مارکیٹ تک رسائی کے ساتھ جوڑتا ہے۔
صدر مملکت نے کمپنی کی تاریخ پر مبنی گیلری کا دورہ کیا اور چائے کی پراسیسنگ اور اس کی ثقافت پر پریزنٹیشن کا مشاہدہ کیا۔ صدر مملکت کے لیے چائے کی نشست کا بھی اہتمام کیا گیا۔
صدر آصف علی زرداری نے ویلیو ایڈیشن، ایگرو پروسیسنگ اور برآمدات کے فروغ کے شعبوں میں تعاون کے امکانات کو سراہا۔ صدر مملکت نے گروپ کو مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ اشتراک کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔
دورے کے موقع پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، علی حسن بروہی، وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری و پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبہ جات سید قاسم نوید قمر، چیف سیکریٹری سندھ، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ اور چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی بھی صدر مملکت کے ہمراہ تھے۔











