ڈپٹی کمشنر ملتان کی زیر صدارت محکمہ صحت کا اجلاس ، انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ

14

ملتان،30 اپریل(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی زیر صدارت محکمہ صحت کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پولیو مہم کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ پولیو مہم کو ہر صورت کامیاب بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے خصوصی قومی مہم 18 سے 21 مئی تک جاری رہے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضلع کی 57 یونین کونسلز میں پانچ سال تک کے 2 لاکھ 89 ہزار 727 بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ اس مقصد کے لیے 1875 ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو حفاظتی قطرے پلائیں گی۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق مہم میں 1669 موبائل، 110 فکسڈ اور 96 ٹرانزٹ ٹیمیں حصہ لیں گی، جبکہ ہسپتالوں، بس اسٹینڈز، ریلوے اسٹیشنز اور دیگر عوامی مقامات پر بھی پولیو ٹیمیں تعینات ہوں گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ پولیو قطرے پلانے سے انکار کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر انہیں عمر بھر کی معذوری سے محفوظ بنائیں۔