ملتان، 15 اپریل (اے پی پی ): کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت انسدادِ ڈینگی مہم بارے جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈویژن بھر میں جاری اقدامات اور موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
کمشنر نے ہدایت کی کہ جدید اینڈرائیڈ سسٹم کے تحت ڈینگی کے خلاف تمام سرگرمیوں کو پورٹل پر اپ لوڈ کیا جائے جبکہ تمام ہاٹ سپاٹس کی مکمل سویپنگ یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے محکمہ صحت کی ٹیموں کو گھروں، ٹائر شاپس اور قبرستانوں کی مسلسل سرویلنس کرنے اور کمرشل مقامات پر ڈینگی لاروے کی افزائش کے سدباب کیلئے سخت کارروائی کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ موسم کی تبدیلی کے باعث ڈینگی وائرس سے نمٹنے کیلئے ٹیمیں ہائی الرٹ رہیں اور روایتی پروٹوکول کے ساتھ موسمی عوامل کو بھی مدنظر رکھا جائے۔ تمام محکموں کو مشترکہ حکمت عملی اپنانے، جبکہ افسران کو اپنی ٹیموں کے ساتھ صورتحال کا ازسرنو جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی۔
کمشنر عامر کریم خاں نے علماء کرام سے اپیل کی کہ جمعہ کے خطبات میں ڈینگی سے متعلق آگاہی فراہم کریں، جبکہ سوشل میڈیا پر غلط معلومات کا فوری اور مؤثر جواب دینے، کنٹرول روم کے قیام اور میڈیا بریفنگ کے ذریعے مستند معلومات کی فراہمی یقینی بنانے کا بھی حکم دیا۔
ڈپٹی کمشنر ملتان نعمان صدیق نے بتایا کہ ڈینگی سرویلنس کیلئے 334 ٹیمیں متحرک ہیں اور فیلڈ مانیٹرنگ مزید سخت کر دی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر لودھراں محمد اشرف نے بتایا کہ ضلع میں 1116 مشتبہ کیسز کے باوجود ایک بھی کنفرم ڈینگی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔
ڈپٹی کمشنر وہاڑی نے بریفنگ میں بتایا کہ ضلع میں 1004 مشتبہ کیسز کے ساتھ صرف 1 کنفرم کیس رپورٹ ہوا اور تمام مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر خانیوال ملیحہ راشد نے بتایا کہ ضلع میں 602 مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے تاہم کوئی کنفرم کیس سامنے نہیں آیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈویژن بھر میں ہزاروں ہاٹ سپاٹس کی نشاندہی کر کے ان کی سو فیصد کوریج اور بروقت کارروائیاں مکمل کی جا چکی ہیں جبکہ سینکڑوں ٹیمیں فیلڈ میں سرگرم عمل ہیں۔
اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔











