اسلام آباد،07 اپریل (اے پی پی) : چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف کی زیر صدارت کفایت شعاری اور ایندھن کے بچاؤ کے اقدامات پر عملدرآمد کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی حکومت کے احکامات پر مکمل عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی، ڈی سی اسلام آباد، ضلعی انتظامیہ، سی ڈی اے اور اسلام آباد پولیس کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
ڈی سی اسلام آباد اور متعلقہ افسران نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کفایت شعاری اور ایندھن کے بچاؤ کے لیے تمام اقدامات کو فوری نافذ العمل کیا جا رہا ہے۔ بریفنگ کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں تمام دکانیں، ڈیپارٹمنٹل اسٹورز، بازار، مارکیٹس اور شاپنگ مالز پورے ہفتے رات 8 بجے بند کر دیے جائیں گے جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ بیکریوں، ریسٹورنٹس اور کریانہ اسٹورز کو پورے ہفتے رات 10 بجے بند کیا جائے گا جبکہ شادی ہالز، مارکیز اور دیگر تمام کمرشل مقامات پر تقریبات بھی رات 10 بجے ختم کرنا ہوں گی۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ تاہم فارمیسیز اور میڈیکل اسٹورز ان مقررہ اوقات کار سے مستثنیٰ ہوں گے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ان اقدامات پر مکمل عملدرآمد کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لیا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، تاجر برادری، مارکیٹ کمیٹیوں اور بزنس کمیونٹی سے میٹنگز کی جا رہی ہیں۔ مختلف مارکیٹس اور کمرشل مراکز میں اعلانات اور آگاہی مہم کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔
آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے اسلام آباد پولیس ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرے گی اور حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر من و عن عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔
چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف نے ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس مشترکہ ٹیم کے طور پر ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور رات 10 بجے کے بعد تمام متعلقہ کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر بند کر دی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی احکامات کا اطلاق شہری اور دیہی دونوں علاقوں میں یکساں طور پر کیا جائے اور اس سلسلے میں مؤثر نگرانی کا نظام وضع کیا جائے۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو مربوط حکمت عملی کے تحت وفاقی دارالحکومت میں حکومتی احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔











