برآمدات پر مبنی صنعت ملکی ترقی کے لیے ناگزیر ہے، وزیراعظم

8

اسلام آباد، 11 مئی (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملکی برآمدات میں اضافے سے متعلق حکمت عملی پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ برآمدات پر مبنی صنعت ملکی ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے ناگزیر ہے اور حکومت کی توجہ برآمدات میں اضافے اور صنعتوں کو سہولیات فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایسے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور صنعتوں کو حکومتی سہولیات فراہم کرنے کے لیے لائحہ عمل تیار کیا جائے جو برآمدات میں اضافے کے حوالے سے اہم ہیں۔ انہوں نے نئے کاروباروں اور صنعتوں کے فروغ کے لیے بھی حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت کی جو ملکی برآمدات میں اضافے کا باعث بنیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملکی صنعت اور تجارت میں ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ اور جدت، ملکی مصنوعات کو عالمی مارکیٹ میں مسابقت دلانے میں مددگار ثابت ہو گی۔ انہوں نے برآمد کنندگان کو ٹیکس ریفنڈ کی بروقت ادائیگی کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس کو ملکی برآمدات میں اضافے کے حوالے سے حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی اور پالیسی مسودے پر بحث کی گئی۔ شرکاء نے اپنی رائے اور تجاویز پیش کیں۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔