اسلام آباد، 9 مئی ( اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے کارپوریٹ ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی ہے۔ وفد نے ڈیری اور لائیو اسٹاک شعبے میں سرمایہ کاری اور ترقی سے متعلق بریفنگ دی۔
وفد نے بتایا کہ کارپوریٹ ڈیری فارمز میں جدید ٹیکنالوجی اور سائنسی طریقوں کے استعمال سے پیداوار میں اضافہ ہو رہا ہے اور پاکستان میں عالمی معیار کے مطابق دودھ اور ویلیو ایڈڈ ڈیری مصنوعات تیار کی جا رہی ہیں۔ بریفنگ میں کہا گیا کہ ڈیری شعبہ درآمدی متبادل، روزگار اور فنی مہارت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔وفد کے مطابق آسٹریلیا، امریکہ، کینیڈا اور یورپ کی جدید مہارت سے ڈیری سیکٹر کو فائدہ پہنچا ہے۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان کے ڈیری اور لائیو اسٹاک شعبے میں بے پناہ ترقی کی صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیری شعبے کی ترقی کیلئے آسان فنانسنگ اور سرمایہ تک رسائی ضروری ہے اور بہتر مالی معاونت سے ڈیری مصنوعات کی پیداوار اور برآمدات میں اضافہ ممکن ہے۔ وزیر تجارت نے کہا کہ اصل مسئلہ پالیسی نہیں بلکہ اس پر مؤثر عملدرآمد ہے اور حکومت کاروباری سہولت اور بہتر عملدرآمد کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔
جام کمال خان نے کہا کہ حکومت اور نجی شعبے کا تعاون برآمدات اور فوڈ سکیورٹی کیلئے اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریٹ ڈیری فارمز جدید فارمنگ اور ویٹرنری نظام متعارف کرا رہے ہیں۔ ملاقات میں اونٹنی کے دودھ اور لائیو اسٹاک کے نئے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی غور کیا گیا۔ وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستان کے مختلف علاقے اونٹ فارمنگ کیلئے موزوں ہیں۔
وفاقی وزیر نے ایسوسی ایشن سے ٹیکس، فنانسنگ، ویکسین اور برآمدات سے متعلق تجاویز طلب کر لیں اور کہا کہ حکومت ڈیری اور لائیو اسٹاک شعبے کی ترقی اور برآمدات کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔











