عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار

4

اسلام آباد،15 مئی ( اے پی پی):  نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر   محمد اسحاق ڈار  نے کہا ہے کہ  حکومت، عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی، بجلی کی ترسیل کے نظام میں بہتری اور خدمات کے معیار کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مختلف اقدامات پر کام کر رہی ہے۔

  ان خیالات کا اظہار انہوں نے کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے  اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ، جس میں بجلی کے شعبے اور تقسیم کار کمپنیوں سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو)، گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) اور فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) سے متعلق معاملات کا جائزہ لیا گیا۔

کمیٹی نے مجوزہ ٹرانزیکشن اسٹرکچر کی منظوری دیتے ہوئے متعلقہ امور کو آئندہ مراحل اور کابینہ کی حتمی منظوری سے مشروط رکھا۔

اجلاس کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ بجلی کی ترسیل اور صارفین کو فراہم کی جانے والی سہولیات میں مزید بہتری لانے کے لیے مختلف اصلاحاتی اقدامات جاری ہیں۔  اس عمل کا مقصد اداروں کی کارکردگی کو مؤثر بنانا، انتظامی نظام کو بہتر بنانا اور توانائی کے شعبے میں جدید طرزِ انتظام کو فروغ دینا ہے۔

اجلاس میں متعلقہ وزارتوں، نجکاری کمیشن، پاور ڈویژن اور دیگر اداروں کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔