مارگلہ روڈ کو موٹروے سے براہ راست لنک کرنے کے میگا منصوبے کا آغاز، دسمبر 2026 تک تکمیل متوقع

17

اسلام آباد،05 مئی (اے پی پی): شہریوں کی سفری سہولت کے لیے مارگلہ روڈ کو موٹروے تک براہ راست لنک کرنے کے میگا پراجیکٹ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مارگلہ روڈ کی موٹروے تک توسیع کے منصوبے کا دورہ کر کے تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا اور انہیں منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ کے مطابق 2.7 کلومیٹر طویل پراجیکٹ میں دونوں اطراف تین رویہ سڑک اور دو رویہ سروس روڈ تعمیر ہوگی۔ جی ٹی روڈ پر انٹرچینج، دو انڈر پاس اور ایک پل بھی شامل ہے۔ منصوبے کا 2.5 کلومیٹر طویل دوسرا حصہ پنجاب حکومت مکمل کرے گی۔

وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ جی ٹی روڈ پر سنگجانی انٹرچینج 31 جولائی تک مکمل کیا جائے اور پورا منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر منصوبے میں معیار، شفافیت اور رفتار یقینی بنائی جا رہی ہے۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ اسلام آباد اور موٹروے کے درمیان متبادل، تیز اور آسان راستہ فراہم کرے گا، جس سے ٹریفک کے دباؤ میں نمایاں کمی اور سفر کا دورانیہ کم ہوگا۔

انہوں نے زور دیا کہ شہریوں کو بہتر اور تیز ترین سفری سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبہ دسمبر 2026 تک مکمل کیا جائے گا۔

 موقع پر چیئرمین سی ڈی اے، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔