لاہور، 15 مئی (اے پی پی): محکمہ سپیشل ایجوکیشن پنجاب کے تحت مریم نواز اسکول اینڈ ریسورس سینٹر فار آٹزم میں فیز ٹو پروگرام کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے خصوصی تعلیم ثانیہ عاشق نے سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن سید شعیب اقبال اور ڈی جی سپیشل ایجوکیشن لیفٹیننٹ (ر) شعیب جدون کے ہمراہ افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔
تقریب کے دوران نئے داخل ہونے والے 72 بچوں میں مفت یونیفارمز تقسیم کی گئیں جبکہ بچوں کے لیے جدید سہولیات سے آراستہ تعلیم، تھراپی اور اسسمنٹ پلان ترتیب دینے کا اعلان کیا گیا۔
حکام کے مطابق ہر بچے کی انفرادی ضروریات کے مطابق پلاننگ اور فالو اپ سسٹم کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔والدین کو آٹزم کی علامات، تربیتی طریقہ کار اور گھریلو معاونت سے متعلق خصوصی آگاہی بھی فراہم کی گئی۔
اس موقع پر معاون خصوصی ثانیہ عاشق نے کہا کہ یہ صرف ایک ادارہ نہیں بلکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا وہ وعدہ ہے جو عملی شکل اختیار کر چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مشن میں والدین کا کردار انتہائی اہم ہے اور ان کا اعتماد ہی اس سفر کی اصل طاقت ہے۔ ثانیہ عاشق نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف آٹزم کا شکار بچوں کی بہتر نگہداشت اور روشن مستقبل کے لیے خصوصی دلچسپی رکھتی ہیں اور یہ ادارہ اسی وژن کی عکاسی کرتا ہے۔ سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن سید شعیب اقبال نے بتایا کہ بچوں کی تربیت کے لیے عالمی معیار کے تربیت یافتہ ماہرین کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں۔ ڈی جی سپیشل ایجوکیشن لیفٹیننٹ (ر) شعیب جدون نے کہا کہ آٹزم کا شکار بچوں کو بااعتماد، خودمختار اور معاشرے کا مفید فرد بنانا ادارے کا بنیادی مقصد ہے۔











