اسلام آباد۔2مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں کامیابی کے بعد پاکستان دنیا میں امن کے علمبردار کے طور پر ابھرا ہے۔ پاکستان نے سفارتی اور بیانیہ کے محاذ پر اہم کامیابیاں حاصل کیں۔
ہفتہ کو یہاں مقامی ہوٹل میں “معرکہ حق” کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بیانیہ اور عسکری سطح پر پاکستان کی عزت، وقار اور منفرد مقام مزید مستحکم ہوا ہے، جہاں پاکستانی پاسپورٹ اور سبز ہلالی پرچم کو بھی احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، آج دنیا بھر میں لوگ پاکستان کے ساتھ وابستگی پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرحد کے اُس پار تاریکی، تنہائی، ناکامی اور رسوائی کے سوا کچھ نہیں، ہم سنتے تھے کہ انہوں نے دنیا بھر میں بڑی لابنگ کرلی ہے اور غیر معمولی اہمیت حاصل کرنے جا رہے ہیں مگر ہمارے جے ٹین سی طیاروں اور فتح میزائل نے دشمن کی نام نہاد چمک دمک کو راکھ میں بدل دیا۔ اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ آج پاکستان روشن اور باوقار مقام پر کھڑا ہے جبکہ مشرقی جانب خاموشی اور تاریکی چھائی ہوئی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ معرکۂ حق متعدد محاذوں پر لڑا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن ریاست کا کردار ادا کر رہا ہے . ایک جانب پاکستان کی ریاست ہے جو دہشت گردوں اور دہشت گردی کے خلاف ڈٹ کر کھڑی ہے جبکہ پاکستان کا ہر طبقہ اس جنگ میں قربانیاں دے رہا ہے۔ فوج، افسران و جوان، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے سب اس جدوجہد میں شریک ہیں ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے رات کی تاریکی میں جواب نہیں دیا بلکہ فجر کے وقت نماز ادا کرنے کے بعد اللّہ تعالیٰ سے دعا کر کے کارروائی شروع کی۔ انہوں نے کہا کہ جب فتح میزائل اپنے اہداف کی طرف گئے تو انہوں نے فتح کی نوید سنائی۔ اللّہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اس واقعے کو ایک سال مکمل ہو گیا ہے اور پوری قوم آج فتح کا جشن منا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی اتحاد و اتفاق میں پاکستان کی اصل طاقت ہے، ملک کی سلامتی پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے تمام سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور صحافیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی میڈیا نے انتہائی ذمہ داری کے ساتھ حقائق پر مبنی رپورٹنگ کی اور پاکستان کے بیانیے کو تقویت دی۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ سمجھا جائے کہ بیانیے کی جنگ اکیلے لڑی جا سکتی ہے تو یہ درست نہیں، یہ مکمل طور پر ایک ٹیم ورک تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن اللّہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنے کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے اور ایک سال میں ملک کو جو عزت ملی ہے وہ مزید بڑھے گی۔











