اسلام آباد، 07 مئی (اے پی پی ): معروف شاعر و ادیب ڈاکٹر جنید آزر نے کہا ہے کہ معرکۂ حق پاکستان کی تاریخ کا ایک درخشاں باب ہے، جس نے پوری قوم کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کر دیا۔ اس موقع پر عوام، افواجِ پاکستان اور حکومت ایک ہی جذبے اور مقصد کے تحت یکجا نظر آئے۔ یہ اتحاد نہ صرف قومی یکجہتی کی مضبوط علامت بنا بلکہ اس نے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری، سالمیت اور قومی شناخت پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ قوم نے یہ ثابت کیا کہ جب بھی وطن کو ضرورت پڑے، ہر فرد ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہے۔
معرکۂ حق کے حوالے سے اے پی پی کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 10 مئی کو معرکۂ حق میں پاکستان فضائیہ کی شاندار کارکردگی نے دنیا کو حیران کر دیا۔ پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور جدید حکمتِ عملی کا ایسا مظاہرہ کیا گیا جو عالمی سطح پر ایک مثال بن گیا۔ فضائیہ کے شاہینوں نے نہ صرف دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا بلکہ پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر ہونے کا عملی ثبوت بھی فراہم کیا۔
ڈاکٹر جنید آزر کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی صرف ایک عسکری فتح نہیں بلکہ قومی عزم، اتحاد اور حب الوطنی کی جیت ہے۔ معرکۂ حق نے ثابت کیا کہ پاکستان ایک مضبوط، خوددار اور باوقار قوم ہے جو ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ یہی جذبہ پاکستان کو ہمیشہ سربلند رکھے گا اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوگا۔











