وزیراعظم سے فریڈم ہولڈنگ کارپوریشن کے سی ای او کی ملاقات، پاکستان میں سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال

8

اسلام آباد، 18 مئی (اے پی پی ): وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سے فریڈم ہولڈنگ کارپوریشن کے بانی، چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر تیمور تورلوف نے پیر کے روز  اسلام آباد میں ملاقات کی۔

ملاقات میں وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی طارق فاطمی، ہارون اختر خان اور سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی موجود تھیں۔

وزیرِاعظم نے تیمور تورلوف کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور قازقستان کے صدر قاسم جومارت توقایوف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

انہوں نے پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، ڈیجیٹل مالیاتی خدمات اور کورسپانڈنٹ بینکاری شراکت داریوں میں فریڈم گروپ کی دلچسپی پر شکریہ ادا کیا۔

شہباز شریف نے حکومت کے اقتصادی اصلاحاتی ایجنڈے اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت تیز رفتار معاشی ترقی اور ڈیجیٹل تبدیلی کے وژن پر کام کر رہی ہے۔

انہوں نے پاکستان کی نوجوان آبادی اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کا حوالہ دیتے ہوئے فریڈم ہولڈنگ کارپوریشن کو ملک کی مالیاتی منڈیوں کی ترقی میں کردار ادا کرنے کی دعوت دی۔ ملاقات میں ریٹیل بروکریج، اسلامی بینکاری، فِنٹیک اور کیپیٹل مارکیٹ کی ترقی میں تعاون پر بھی بات ہوئی۔

تیمور تورلوف نے پاکستان کے اقتصادی مستقبل پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کمپنی پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات کے مطابق طویل مدتی سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لے رہی ہے۔