اسلام آباد، 7 مئی ( اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف آج ایک روزہ دورہ گلگت بلتستان کیلئے گلگت پہنچ گئے۔ گلگت پہنچنے پر گورنر سید مہدی شاہ اور نگران وزیراعلیٰ جسٹس (ر) یار محمد نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔
وزیراعظم کی گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ اور نگران وزیراعلیٰ گلگت بلتستان جسٹس (ر) یار محمد سے علیحدہ علیحدہ ملاقات ہوئی۔ ملاقاتوں میں گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت، صوبائی امن و امان کی صورتحال اور دیگر صوبائی امور پر گفتگو ہوئی۔
بعد ازاں وزیراعظم گلگت بلتستان کیلئے قابل تجدید توانائی سولر بجلی، سیف سٹیز، لیپ ٹاپ اسکیم اور یوتھ بزنس و ایگری لون اسکیم کا افتتاح کریں گے۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں 4 دانش اسکولز کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔
وفاقی وزراء احسن اقبال، سردار اویس احمد خان لغاری، عطاء اللہ تارڑ، انجینئر امیر مقام، عبدالعلیم خان، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ اور معاون خصوصی طلحہ برکی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔











