اسلام آباد،04مئی (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ فیصل آباد میں شہید حوالدار محمد نوید انصاری کے گھر گئے اور ان کے اہلخانہ سےملاقات کی اور شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی ۔
حوالدار محمد نوید انصاری مئی 2025 کو دورانِ ڈیوٹی شہید ہوئے تھے ۔ وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا ء اللہ نے فیصل آباد میں شہید حوالدار محمد نوید انصاری کے اہلخانہ سے ملاقات اور شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی ۔ انہوں نے شہید کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے صبر و حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ رانا ثناء اللہ نے شہید کے اہلخانہ سے ملاقات کے دوران کہا کہ شہداء کی قربانیاں قوموں کی عزت، وقار اور بقا ء کی ضمانت ہوتی ہیں، معرکہ حق نے پاکستان کوعزت، وقار اور تاریخی کامیابی دلائی، یہ کامیابی شہداء کی بے مثال قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے اہلخانہ کی قربانیاں بھی ناقابلِ فراموش ہیں اور پوری قوم کو ان پر فخر ہے، شہداء کے خاندان قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ہم سب شہداء کے اہلخانہ کے مقروض ہیں۔











