اسلام آباد، 12 مئی (اے پی پی ):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور ترکمانستان کے سفیر کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں دوطرفہ تجارت، توانائی تعاون، علاقائی روابط اور اقتصادی شراکت داری کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان تجارتی و معاشی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان وسطی ایشیائی ممالک کیلئے ایک قدرتی تجارتی گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے اور پاکستانی بندرگاہیں خطے کو عالمی منڈیوں سے مؤثر انداز میں جوڑنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔
فریقین نے تجارتی راستوں، لاجسٹکس اور کاروباری روابط کو مزید فعال بنانے کی ضرورت پر زور دیا جبکہ کاروباری فورمز، نمائشوں اور چیمبرز آف کامرس کے درمیان تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
ترکمانستان کے سفیر عطاجان مولاموف نے علاقائی تجارت اور روابط کے فروغ کیلئے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان توانائی تعاون اور علاقائی رابطہ منصوبوں کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ اعلیٰ سطحی روابط، سفارتی تعاون اور نجی شعبے کی شراکت داری کے ذریعے پاکستان اور ترکمانستان کے تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔











