اسلام آباد، 11 مئی (اے پی پی): وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے نیشنل اسٹیل کمپلیکس لمیٹڈ کے وفد نے ملاقات کی، جس میں اسٹیل اور انجینئرنگ شعبے کو درپیش امور، خام مال اور ویلیو ایڈڈ مصنوعات سے متعلق پالیسی معاملات، توانائی قیمتوں اور صنعتی لاگت سمیت مختلف نکات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد نے ای پی زیڈ سے آنے والی مصنوعات کے ڈیوٹی نظام میں مزید بہتری اور ویلیو ایڈیشن کے فروغ سے متعلق مختلف تجاویز پیش کیں۔ ملاقات میں مشیننگ، کوٹنگ، فیبریکیشن اور دیگر ویلیو ایڈڈ صنعتوں کی استعداد بڑھانے، کسٹمز ویلیوایشن کے طریقہ کار کو مزید مؤثر بنانے اور صنعتی شعبے کو سہولت فراہم کرنے سے متعلق امور بھی زیر غور آئے۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے صنعتی شعبے کے تحفظ اور ویلیو ایڈیشن کے فروغ کے لیے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پالیسی سازی کو صنعتی حقائق سے ہم آہنگ ہونا چاہیے اور حکومت صنعتکاروں کی تجاویز اور تجربات کو اہمیت دیتی ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے ای پی زیڈ اتھارٹی، کسٹمز اور ٹیرف ماہرین کے ساتھ جامع مشاورت کا فیصلہ بھی کیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صنعتی ترقی اور ریگولیٹری شفافیت کے درمیان مؤثر توازن قائم رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔











