اسلام آباد،13مئی (اے پی پی) : وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی چینی منسٹر کاؤنسلر یانگ گوانگ ایوان سے اہم ملاقات ہوئی ،جس میں پاکستان اور چین کے درمیان الیکٹرک گاڑیوں، بیٹری مینوفیکچرنگ اور جدید صنعتی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستانی آٹو سیکٹر کو جدید الیکٹرک ٹیکنالوجی کے ذریعے نئی سمت دینے، ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور مشترکہ صنعتی منصوبوں کے فروغ پر زور دیا۔اس موقع پرکھجور سے تیار ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمدی صلاحیت بڑھانے، زرعی جدیدکاری، موسمیاتی تبدیلی سے ہم آہنگ کاشتکاری اور پانی بچانے والی زرعی پالیسیوں پر بھی غور کیا گیا۔
جام کمال خان نے بلوچستان میں زیتون، پستہ، بادام، کھجور اور چلغوزے کی پیداوار کو اہم معاشی موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی سپلائی چین میں تبدیلیاں پاکستان کے لیے نئے اقتصادی امکانات پیدا کر رہی ہیں۔ملاقات میں گوادر کو علاقائی تجارتی مرکز بنانے، لاجسٹکس روابط مضبوط کرنے، صاف توانائی، خواتین کے ہنر، دیہی ترقی اور شمسی توانائی منصوبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
وفاقی وزیر تجارت نے پاکستان کو چین، وسط ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے درمیان قدرتی تجارتی گیٹ وے قرار دیتے ہوئے کہا کہ الیکٹرک وہیکل ٹیکنالوجی ملک میں نئی صنعتی صلاحیتیں پیدا کر سکتی ہے۔دونوں ممالک نے تجارت، صنعت، سرمایہ کاری اور علاقائی رابطہ کاری کے شعبوں میں تعاون مزید وسعت دینے اور پاکستان چین ہمہ موسمی اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔











