قصور، 04 مئی (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ، سید عمران احمد شاہ نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے قصور دفتر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے انتظامی امور اور سروس ڈیلیوری کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران وفاقی وزیر نے دفتر کے عملے اور مستحقین سے ملاقات کی اور فراہم کی جانے والی سہولیات کا براہِ راست معائنہ کیا۔ انہوں نے بینیفشریز کو مفت سمز کی تقسیم کے عمل کا بھی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ یہ سہولت شفاف، منظم اور بلا رکاوٹ طریقے سے فراہم کی جائے۔
سید عمران احمد شاہ نے مستحقین کو ادائیگیوں کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے موبائل والٹس کے استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل نظام کے فروغ سے شفافیت اور سہولت دونوں میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ہدایات کے مطابق مستحقین تک امداد کی فراہمی شفافیت اور عزتِ نفس کے ساتھ یقینی بنائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے تمام مستحقین کے لیے ڈیجیٹل والٹس کے قیام اور کیش ٹرانسفر کے باقاعدہ آغاز کا بھی اعلان کیا۔
وفاقی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت شفافیت اور میرٹ کو یقینی بناتے ہوئے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔











