وفاقی وزیر مذہبی امور کا رواف منی کے دفتر اور منی مکاتب کا دورہ

5

مکہ مکرمہ، 24 مئی (اے پی پی): وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے مکہ مکرمہ میں طوافہ کمپنی رواف منی کے دفتر اور منی مکاتب کا دورہ کیا۔دورے کے دوران وفاقی وزیر نے رواف منی کے زیر انتظام منی کے خیموں میں عازمین حج کے لیے موجود سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ رواں سال 23 ہزار پاکستانی عازمین حج رواف منی کے تحت حج کی سعادت حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کمپنی پاکستانی حجاج کی بہترین انداز میں خدمت اور دیکھ بھال کو یقینی بنائے گی۔ سردار محمد یوسف کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کے مہمانوں کی خدمت ایک عظیم سعادت اور اعزاز ہے، اور تمام متعلقہ اداروں کو حجاج کرام کی سہولت اور آرام کے لیے بھرپور اقدامات کرنے چاہئیں۔

ڈائریکٹر حج مکہ عارف اسلم راؤ نے کہا کہ پاکستان حج مشن کی ٹیم حجاج کی خدمت کے لیے سٹیک ہولڈرز سے مسلسل رابطے میں ہے۔

رواف منی کے حکام نے کہا کہ وہ امسال پاکستانی حجاج کی خدمت کر کے خوشی محسوس کر رہے ہیں۔ سی ای او رواف منی ذھیر سدایو نے بتایا کہ حجاج کی آسانی کے لیے وہ سعودی وزارت حج و عمرہ سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ رواف منی نے یہ بھی کہا کہ وہ کوش کریں گے کہ اگلے سال نسک کارڈ پاکستان میں ہی تقسیم کر دیے جائیں۔