اسلام آباد، 28 مئی (اے پی پی): چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں عید تعطیلات کے دوران اہلِ خانہ کے ہمراہ سکردو پہنچ گئے۔رانا مشہود احمد خاں نے سکردو کے حسین اور دلکش سیاحتی مقامات کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے دنیا کے بلند ترین سرد صحرا سرفرنگا ڈیزرٹ میں ڈیزرٹ سفاری اور پیراگلائیڈنگ سے لطف اٹھایا۔
رانا مشہود احمد خاں کی آمد پر مقامی عمائدین اور شہریوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا جبکہ نوجوانوں اور مقامی افراد نے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ساتھ تصاویر اور سیلفیاں بھی بنوائیں۔
چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے سکردو کے پُرامن ماحول، قدرتی حسن اور سیاحتی امکانات کو بے حد سراہتے ہوئے کہا کہ سکردو پاکستان کا قدرتی حسن، سیاحت اور ایڈونچر اسپورٹس کا اہم مرکز بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے شمالی علاقہ جات نوجوانوں اور سیاحوں کیلئے بہترین مواقع فراہم کرتے ہیں۔











