اسلام آباد، 06 مئی ( اے پی پی): چیئرمین وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے ’معرکہ حق‘ کو ایک سال مکمل ہونے پر پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 10 مئی کا دن دشمن کی پسپائی اور ہماری دفاعی برتری کی گواہی دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعے مسلح افواج نے بھارت کے جنگی جنون کا غرور توڑ کر اسے عالمی سطح پر رسوا کیا اور ثابت کیا کہ قوم کا ہر فرد ملک کی سلامتی کے لیے سیسہ پلائی دیوار ہے۔رانا مشہود نے کہا کہ معرکہ حق میں سب سے بڑی کامیابی وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی آپس میں کوآرڈینیشن تھی جس کی دولت پاکستان نے ہمہ وقت فیصلے لے لیے اور ملک کو فتح سے ہمکنار کروایا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج اور پاک فضائیہ کی مہارت نے دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کیا، اور بھارت کو منہ توڑ جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چاہتا تو بھارت کے کئی اور جہاز گرا سکتا تھا لیکن پاکستان نے ہمیشہ تحمل کا مظاہرہ کیا۔
رانا مشہود نے مزید کہا کہ پاکستان نے پہلگام واقع پر عالمی سطح پر کمیشن بنانے کی پیش کش کی جس سے بھارت بھاگتا رہا۔











