آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں جہلم کی دو نشستوں سے متعلق مشاورتی اجلاس

5

اسلام آباد،28 جون ( اے پی پی): پاکستان مسلم لیگ (ن) نے آزاد جموں کشمیر میں انتخابی مہم کے آغاز کی بھرپور تیاریاں شروع کر دی  ہیں ۔

پارٹی صدر محمد نواز شریف کی ہدایت پر وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی کی صدارت میں آزاد کشمیر کے جہلم سے متعلق دو انتخابی حلقوں میں الیکشن سے متعلق مشاورتی اجلاس کا انعقاد ہوا۔

اجلاس میں ضلع جہلم میں انتخابی مہم کے حوالے سے تیاریوں پر تفصیلی غور ہوا۔ اجلاس کے شرکاء کی آرا کی روشنی میں انتخابی حکمت عملی تیار کی گئی ۔ضلع جہلم میں آزاد کشمیر کے ان انتخابی حلقوں میں پولنگ کے دن کے حوالے سے حکمت عملی پر بھی مشاورت کی گئی ۔

اجلاس میں آزاد جموں کشمیر کی ان دونوں نشتوں پر الیکشن کمپین کے لیے ضلع جہلم کی چاروں تحصیلوں میں ذمہ داریاں بھی لگائی گئیں،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آزاد جموں کشمیر کے ان دونوں حلقوں سے متعلق ایک اور جائزہ اجلاس آنے والے دنوں میں جہلم میں ہوگا۔

مسلم لیگ (ن) ضلع راولپنڈی کے صدر اور رکن قومی اسمبلی ملک ابرار، جہلم سے سابق ایم این اے مطلوب مہدی، سابق مئیر راولپنڈی سردار نسیم خان اور جہلم سے پارٹی کے مرکزی راہنما اجلاس میں شریک ہوئے۔

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی حلقہ 39 جموں 6 سے مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار راجہ محمد صدیق اور حلقہ ایل اے 42 ویلی تین سے نامزد امیدوار شوکت علی شاہ بھی دیگر راہنمائوں کے ہمراہ موجود تھے ۔

سابق ارکان پنجاب اسمبلی راجہ اویس خالد، چوہدری سعید، حاجی ناصر سمیت پارٹی راہنما طلب مہدی، چوہدری بوٹا جاوید اور دیگر قائدین بھی اجلاس میں موجود تھے ۔