ازبکستان کے سفیر کی وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے ملاقات

2

اسلام آباد،16جون(اے پی پی): ازبکستان کے سفیر کی وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعاون اور علاقائی رابطہ کاری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں پاکستان اور ازبکستان کے درمیان ریلوے کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ ازبکستان۔افغانستان۔پاکستان (UAP) ریلوے کوریڈور علاقائی تجارت اور اقتصادی روابط کے فروغ میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا،  ریلوے کوریڈور وسطی ایشیا کو پاکستانی بندرگاہوں سے منسلک کرنے کا ایک تاریخی منصوبہ ہے، پاکستان UAP ریلوے کوریڈور کی بروقت تکمیل کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہے،

انھوں نے پاکستان اور ازبکستان کے ریلوے اداروں کے درمیان روابط مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ برادرانہ اور دیرینہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔

باہمی تعاون کے فروغ سے علاقائی رابطہ کاری، اقتصادی ترقی اور مشترکہ خوشحالی کے نئے امکانات پیدا ہوں گے۔

ازبکستانی سفیر نے ریلوے سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔