اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور گونر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل کی ملاقات

3

اسلام آباد، 09جون( اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور گونر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے ملاقات کی ۔ملاقات میں صوبائی وزیر برائے کمینیکشن و ہاؤسنگ اینڈ ورکس و پارلیمانی لیڈر مسلم لیگ ن بلوچستان سلیم خان کھوسہ بھی موجود  تھے۔

ملاقات میں وفاق اور صوبے کے مابین ہم آہنگی کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وفاق اور بلوچستان کے درمیان مؤثر رابطوں، ہم آہنگی اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

ملاقات میں بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح و بہبود اور صوبے کی مجموعی ترقی سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

شرکاء نے جمہوری اداروں کے استحکام، پارلیمانی روایات کے فروغ، بین الصوبائی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے بلوچستان کو درپیش چیلنجز، ترقیاتی ترجیحات اور عوامی مسائل کے مؤثر حل کے لیے وفاق اور صوبے کے مابین قریبی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

سردار ایاز صادق نے بلوچستان میں امن، استحکام، ترقی اور عوامی خدمت کے لیے صوبائی حکومت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان اقدامات کو خوش آئند قرار دیا۔

ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، قومی مفاد اور عوامی فلاح کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ کوششوں کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے بلوچستان کی پائیدار ترقی اور خوشحالی کو پاکستان کے مستقبل اور قومی استحکام کی ضامن قرار دیا۔