بلوچستان بھر میں یوم عاشور انتہائی عقیدت اور احترام سے منایا گیا،سیکیورٹی کیلئے 4 ہزار سے زائد پولیس جوان تعینات

4

کوئٹہ،  26 جون(اے پی پی): بلوچستان بھر میں یوم عاشور انتہائی عقیدت اور احترام سے منایا گیا۔ دارلحکومت کوئٹہ سمیت دیگر علاقوں سے ماتمی جلوس برآمد ہوئے،کوئٹہ میں مرکزی جلوس امام بارگاہ نیچاری علم دار روڈ سے صبح 8 بجے برآمد ہوا۔ ہزارہ ٹاون کوئٹہ، کچھی بولان اور مارگٹ مارواڑ کوئٹہ سے آنے والے عزاداروں کے قافلے مری آباد اینٹری پوائنٹ سے مرکزی جلوس میں شامل ہوئے۔ دین اسلام کیلئے اہل بیت کی عظیم ترین قربانیوں، خاندان رسول کے مصائب مشکلات اور انسانی تاریخ کے المناک ترین واقعہ کربلا کو یاد کرتے ہوئے عزاداران حسینؓ  لبیک یا حسینؓ    کی صداوں کے ساتھ اشکبار آنکھوں کے ساتھ جلوس میں شریک تھے۔ جلوس میں نوحہ اور مرثیہ خوانی، زنجیر زنی اور ماتم کا سلسلہ بھی جاری رہا۔مرکزی جلوس نے نماز جمعہ شہر کے وسط میزان چوک پر ادا کی۔ جمعہ نماز سے ذاکرین کا کہنا تھا ماتمی جلوس دراصل احتجاج ہیں ظلم، جبر، بربریت اور یزیدیت کے خلاف ہے معرکہ حق و باطل یعنی کربلا کا پیغام ظالم کے خلاف اور مظلوم کی حمایت میں کھڑا ہونا ہے۔کوئٹہ میں یوم عاشور کے 3 کلومیٹر  روٹ کی سیکیورٹی کیلئے 4 ہزار سے زائد پولیس جوان تعینات رہے۔اسنائپرز شوٹرز کے علاوہ، آر آر جی، کوئیک ریسپانس فورس، اے ٹی ایف اور اسپیشل برانچ پولیس کے ساتھ ایف سی ڈپلائمنٹ بھی سییکورٹی کیلئے موجود تھے جبکہ کوئٹہ اطراف کوہ زرغون تکتو اور مہردار کے پہاڑوں پر بھی جوان سیکیورٹی کیلئے تعینات تھے۔ سیکیورٹی آرڈرز اور محرم الحرام کنٹنجنسی پلان اور ممکنہ خدشات کے پیش نظر کوئٹہ اور حساس علاقوں میں موبائیل فون سروس بھی بند رہی۔مرکزی جلوس کے روٹ پر تمام بازار، دکانیں اور اطراف کی گلیوں کو بھی سیل کیا گیا تھا۔ جلوس کے روٹ اور اطراف کے علاقوں کی سی سی ٹی وی سرویلئینس آئی جی پولیس آفس سینٹرل مانیٹرنگ سیل میں مسلسل جاری رہی۔عاشورہ  پر آرمی بٹالین بھی اسٹینڈ بائے رکھی گئی  تھی۔