جرمنی، 28 جون ( اے پی پی): پاکستان سے تعلق رکھنے والے اور گزشتہ تین برس سے جرمنی کی نمائندگی کرنے والے بین الاقوامی کراٹے کھلاڑی راجہ ریحان نے ایک بار پھر عالمی سطح پر اپنی شاندار صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے Thuringia Karate Open – Offene Karatemeisterschaft Thüringens 2026 میں ایک گولڈ اور ایک سلور میڈل اپنے نام کر لیے۔
اس بین الاقوامی ایونٹ میں 46 ٹیموں، 290 ایتھلیٹس اور 634 انٹریز کے درمیان سخت مقابلے ہوئے، لیکن راجہ ریحان نے دونوں کیٹیگریز میں شاندار کھیل پیش کر کے اپنی کلاس ثابت کر دی۔ماسٹر کلاس کیٹیگری میں راجہ ریحان پورے ٹورنامنٹ کے دوران ناقابلِ شکست رہے اور تمام حریفوں کو شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔
سینئرز میل کیٹیگری میں بھی انہوں نے بہترین کارکردگی دکھائی۔ سیمی فائنل میں انہوں نے Schmied Yanic-Niclas (Karate-Schule Zerbst e. V.) کو 8-0 کے یکطرفہ اسکور سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی۔ فائنل میں ان کا مقابلہ جرمنی کے مضبوط حریف Kosiuk Artom (Zanshin Karate Do Berlin) سے ہوا، جہاں وہ سخت مقابلے کے بعد 5-1 سے شکست کھا کر سلور میڈل کے حقدار قرار پائے۔
آج حاصل کیے گئے گولڈ اور سلور میڈلز کے ساتھ راجہ ریحان نے اپنے بین الاقوامی کیریئر میں 50 میڈلز مکمل کر لیے۔ اس سے قبل ان کے نام 48 میڈلز تھے، اور یوں انہوں نے اپنی کامیابیوں کی تاریخی نصف سنچری مکمل کر لی۔
پاکستان سے تعلق رکھنے والے راجہ ریحان کی یہ شاندار کامیابی نہ صرف جرمنی بلکہ پوری پاکستانی قوم کے لیے بھی باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ پاکستانی صلاحیتیں دنیا کے کسی بھی میدان میں اپنی محنت، عزم اور کارکردگی سے نمایاں مقام حاصل کر سکتی۔











