راولاکوٹ ، 15 جون (اے پی پی ): کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے شرپسندوں کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو مبینہ طور پر نشانہ بنانے کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق اسلام آباد پولیس کے اے ایس آئی جاوید مسیح کو راولاکوٹ میں رائے چوک کے قریب 15 سے 20 شرپسندوں نے روک کر رائفل کے بٹ سے شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔
زخمی اے ایس آئی کے مطابق یہ واقعہ 15 جون کو اس وقت پیش آیا جب وہ والدہ کی علالت کے باعث رخصت پر گھر جا رہے تھے۔ حملے میں اے ایس آئی جاوید مسیح کی ٹانگ پر شدید چوٹیں آئیں اور فریکچر ہوگیا۔اے ایس آئی کا کہنا ہے کہ شرپسندوں نے تشدد کے بعد ان سے زبردستی ویڈیو بیان بھی ریکارڈ کرایا کہ ان کی ٹانگ تشدد سے نہیں بلکہ موٹر سائیکل حادثے میں ٹوٹی ہے۔
اے ایس آئی جاوید مسیح اس وقت راولاکوٹ اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ماہرین کے مطابق سی ایم ایچ راولاکوٹ، پولیس بکتر بند اور اے ایس آئی پر حملے کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مبینہ عزائم کو بے نقاب کرتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں پر پرتشدد کارروائیوں کا سلسلہ بڑھ رہا ہے اور ایسے واقعات عوامی حقوق کی جدوجہد نہیں بلکہ منظم انتشار اور ریاستی رٹ کو براہ راست چیلنج کرنے کے مترادف ہیں۔











