حکومت کی سفارتی و قومی خدمات قابل تحسین ہیں، ارم حامد حمید

1

اسلام آباد، 16 جون (اے پی پی): رکن قومی اسمبلی ارم حامد حمید نے بجٹ 2026-27 پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وفاقی حکومت کی سفارتی و قومی خدمات قابل تحسین ہیں جنہوں نے پاکستان کا عالمی وقار بلند کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی کا انحصار زراعت پر ہے، اس لیے کسانوں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی، متنوع فصلوں اور زرعی صنعتوں سے جوڑا جائے تاکہ خوراک میں خود کفالت اور کسانوں کی آمدن میں اضافہ ممکن ہو۔ انہوں نے سیلابی پانی کے بہتر استعمال کے لیے چھوٹے ڈیموں کی تعمیر پر فوری عملدرآمد کا مطالبہ بھی کیا۔

ارم حامد حمید نے کہا کہ دیہی علاقوں کی خواتین دستکاری اور ہنر مندی کے شعبوں میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں، اس لیے انہیں مالی اور تکنیکی معاونت فراہم کی جائے۔ انہوں نے تجویز دی کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے وسائل کا ایک حصہ تعلیم، ہنر مندی اور چھوٹے کاروباروں کے لیے آسان قرضوں پر صرف کیا جائے تاکہ مستحق خاندان مستقل طور پر خود کفیل بن سکیں۔

انہوں نے سرگودھا میں چلڈرن ہسپتال، ٹراما سینٹر، ویمن یونیورسٹی، کینسر ہسپتال، آئی ٹی یونیورسٹی اور آئی ٹی سینٹر کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سرگودھا جیسے بڑے شہر کو جدید تعلیمی اور طبی سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں۔