ذمہ دار اور بامقصد صحافت کسی بھی معاشرے کی فکری رہنمائی اور قومی شعور کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتی ہے، احسن اقبال

5

اسلام آباد، 09 جون )اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ذمہ دار اور بامقصد صحافت کسی بھی معاشرے کی فکری رہنمائی اور قومی شعور کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم الطاف حسین قریشی نے اپنی تحریروں اور فکری خدمات کے ذریعے صحافت کو اعلیٰ پیشہ ورانہ اقدار، تحقیق اور قومی ذمہ داری سے ہم آہنگ کیا، جو آنے والی نسلوں کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز  اسلام آباد پریس کلب میں مرحوم الطاف حسین قریشی کے اعزاز میں منعقدہ سیمینار سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار میں صحافیوں، دانشوروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور مرحوم کی صحافتی، ادبی اور فکری خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ الطاف حسین قریشی کی تحریروں میں گہرا مطالعہ، فکری بصیرت اور حالاتِ حاضرہ کا جامع تجزیہ نمایاں تھا۔ انہوں نے نوجوان صحافیوں پر زور دیا کہ وہ مرحوم کی تحریروں اور صحافتی ورثے سے رہنمائی حاصل کریں۔ وفاقی وزیر نے تجویز دی کہ جامعات میں ان کے نام سے چیئر اور اسکالرشپس قائم کی جائیں تاکہ نئی نسل کے صحافی ان کی فکر اور پیشہ ورانہ معیار سے استفادہ کر سکیں۔ انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی۔