اسلام آباد،13 جون(اے پی پی ): رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر صدف احسان نے لکی مروت میں بنیادی ڈھانچے، سڑکوں کی خستہ حالی اور تعلیم و صحت کی محدود سہولیات کی جانب توجہ دلاتے ہوئے ان شعبوں میں ترقیاتی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
قومی اسمبلی میں بجٹ 27-2026 کے اجلاس کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کے نظام میں بہتری، خصوصاً ہنگامی طبی سہولیات تک بروقت رسائی کے لیے رابطہ سڑکوں اور مواصلاتی نیٹ ورک کو بہتر بنانا ناگزیر ہے۔انہوں نے لڑکیوں کے لیے مقامی سطح پر تعلیمی اداروں کے قیام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ معیاری تعلیم تک رسائی کو یقینی بنانے کے لیے مزید تعلیمی سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں۔
ڈاکٹر صدف احسان نے پانی کی فراہمی اور زرعی ضروریات کو بہتر بنانے کے لیے واٹر سپلائی کے نظام کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔ انہوں نے علاقائی عدم مساوات کے خاتمے اور پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لیے ہدفی بنیادوں پر ترقیاتی فنڈز مختص کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔











