سیالکوٹ: ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کا عاشورہ محرم کے جلوسوں کا دورہ، سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ   

5

سیالکوٹ : 26 جون (اے پی پی):ـ ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد نے عاشورہ محرم کے مختلف ماتمی جلوسوں کا دورہ کیا اور سیکیورٹی، صفائی، طبی سہولیات، ٹریفک مینجمنٹ اور دیگر انتظامی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

 ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق ضلع سیالکوٹ میں محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی اور انتظامی انتظامات کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے تاکہ عزاداروں کو پر امن، محفوظ اور سہولت سے بھرپور ماحول فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ 10 محرم الحرام کو ضلع سیالکوٹ میں مجموعی طور پر 87 ماتمی جلوس برآمد ہوں گے، جن میں 16 اے کیٹیگری، 18 بی کیٹیگری اور 53 سی کیٹیگری کے جلوس شامل ہیں۔ اسی طرح 77 مجالس منعقد ہوں گی، جن میں 8 اے کیٹیگری، 10 بی کیٹیگری اور 59 سی کیٹیگری کی مجالس شامل ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ تمام ماتمی جلوس اپنے روایتی راستوں سے گزر کر رات 12 بجے تک پرامن طور پر اختتام پذیر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں جلوسوں اور مجالس کی نگرانی کے لیے 450 سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے فعال ہیں جبکہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی کنٹرول روم سیالکوٹ سے تمام سرگرمیوں کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ اور رپورٹنگ کی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ عزاداروں کو فوری طبی امداد کی فراہمی کے لیے ریسکیو 1122 کی خصوصی ٹیمیں اور کلینکس آن ویلز تمام ماتمی جلوسوں کے ساتھ موجود ہیں۔ جلوسوں کے راستوں پر سبیلوں، صاف پانی، صفائی ستھرائی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے کہا کہ شدید گرمی کے پیش نظر جلوسوں کے روٹس پر اسپرنکلرز کے ذریعے پانی کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے، جبکہ واسا کی جانب سے اضافی سبیلیں اور ہیٹ ویو کیمپ بھی فعال رکھے گئے ہیں تاکہ عزاداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔

ڈی پی او کیپٹن (ر) دوست محمد نے کہا کہ پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ عاشورہ محرم کے تمام جلوسوں اور مجالس کے پرامن انعقاد کے لیے جامع سیکیورٹی پلان پر مؤثر انداز میں عملدرآمد جاری ہے۔

ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عاشورہ محرم کے دوران عزاداروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی، سیکیورٹی، صفائی، ٹریفک کی روانی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ادارے مکمل مستعدی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں گے۔