اسلام آباد، 11جون (اے پی پی ): قومی اقتصادی سروے 2025-26 کے مطابق عوامی صحت کے اخراجات میں 17.3 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔رواں مالی سال میں صحت کے شعبے پر مجموعی اخراجات 942.2 ارب روپے رہے۔عوامی صحت کے اخراجات جی ڈی پی کے 0.8 فیصد کے مساوی رہے۔
گزشتہ مالی سال میں صحت کے شعبے پر 924.9 ارب روپے خرچ کیے گئے تھے۔نیشنل ہیلتھ اینڈ پاپولیشن پالیسی 2026-35 کے تحت صحت کی سہولیات اور آبادی پر قابو پانے کے اقدامات جاری ہیں۔
وفاقی حکومت ماں اور بچے کی صحت اور غذائی قلت کے خاتمے کے لیے متعدد پروگرام چلا رہی ہے۔نیشنل ملٹی سیکٹرل نیوٹریشن پروگرام اور نشوونما پروگرام کے تحت غذائی خدمات اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا نظام فعال ہے۔
پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے ریڈیو تھراپی، ریڈیالوجی اور نیوکلیئر میڈیسن مراکز سالانہ 10 لاکھ سے زائد مریضوں کو خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ اٹامک انرجی کمیشن کے ہسپتالوں میں پیتھالوجی کے شعبے کے ذریعے سالانہ 20 لاکھ سے زائد مریض مستفید ہو رہے ہیں۔











