غمزدہ خاندان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں ،قانون ہاتھ میں لینے والے  ذمہ دار عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، میر ضیاء  اللہ لانگو

4

کوئٹہ،09  جون (اے پی پی): صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء  اللہ لانگو نے وحدت کالونی میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے متاثرہ خاندان سے ملاقات کی۔ انہوں نے لواحقین سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لیے فاتحہ خوانی کی اور مشکل کی اس گھڑی میں حکومت کی جانب سے مکمل یکجہتی کا یقین دلایا۔متاثرہ خاندان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگونے کہا کہ وحدت کالونی میں پیش آنے والے واقعے پر دلی دکھ اور افسوس ہوا ہے۔ ہم اس مشکل گھڑی میں غمزدہ خاندان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں اور انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ ضیاء لانگو نے کہا کہ مقدمے میں نامزد افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور ان کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے۔  واقعے کی تمام پہلوؤں سے باریک بینی کے ساتھ تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ حقائق سامنے لائے جا سکیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والے اور واقعے کے ذمہ دار عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔وزیر داخلہ میر ضیاء  اللہ لانگو نے واضح کیا کہ انتظامیہ متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی کے لیے تمام تر قانونی اور انتظامی اقدامات بروئے کار لا رہی ہے اور انصاف کے تقاضے ہر صورت پورے کیے جائیں گے۔