قومی اسمبلی اجلاس کا آغاز، سابق رکن چوہدری قربان علی کے انتقال پر اظہارِ افسوس

3

اسلام آباد، 22 جون(اے پی پی): قومی اسمبلی کا اجلاس کو اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت  پارلیمنٹ ہاوس میں شروع ہوا، جہاں اجلاس کے آغاز میں سابق رکن قومی اسمبلی  چوہدری قربان علی کے انتقال پر اظہارِ افسوس کیا گیا۔

اسپیکر کی اپیل پر ایوان نے مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

بعد ازا ایوان نے مالی سال 2026-27 کے وفاقی بجٹ کے تحت مختلف وزارتوں اور ڈویژنز کے مطالباتِ زر  پر بحث اور کٹ موشنز پر کارروائی کا آغاز کیا۔ وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب  نے مطالبہ نمبر 61 کے تحت وزارتِ داخلہ و انسدادِ منشیات کے لیے 26 ارب 65 کروڑ 19 لاکھ 23 ہزار روپے کی گرانٹ کی منظوری کی تحریک پیش کی۔

اجلاس کے دوران مالی سال 2026-27 کے لیے وزارتِ داخلہ و انسدادِ منشیات (مطالبہ نمبر 61) کے اخراجات کی مد میں 26 ارب 65 کروڑ 19 لاکھ 23 ہزار روپے کی گرانٹ کی منظوری کے لیے تحریک پیش کی گئی۔مطالبہ نمبر 61 پر قواعد کے تحت کٹ موشن بھی پیش کی گئی، جس میں وزارتِ داخلہ کی کارکردگی پر بحث کے لیے گرانٹ میں علامتی طور پر 100روپے کمی کی تجویز دی گئی۔ تاہم متعلقہ وزیر نے کٹ موشن کی مخالفت کی۔

اس مطالبہ پر پیش کی گئی کٹ موشن میں وزارتِ داخلہ کی کارکردگی پر بحث کے لیے گرانٹ میں علامتی طور پر 100 روپے کمی کی تجویز دی گئی،تاہم متعلقہ وزیر نے کٹ موشن کی مخالفت کی۔اسی دوران ایک اور کٹ موشن میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کے مستحقین کے لیے مختص فنڈز میں علامتی کمی کی تجویز دیتے ہوئے اسکل ڈویلپمنٹ کے شعبے میں متعلقہ ڈویژن کی کارکردگی پر بحث کا مطالبہ کیا گیا، جسے حکومت نے مسترد کر دیا۔

بعد ازاں وزیرِ خزانہ نے مطالبہ نمبر 62 کے تحت وزارتِ داخلہ و انسدادِ منشیات کے دیگر اخراجات کے لیے 23 ارب 12 کروڑ 51 لاکھ 42 ہزار روپے کی گرانٹ کی منظوری کی تحریک پیش کی اس مطالبہ پر پیش کی گئی کٹ موشن میں نادرا کے ڈیٹا بیس سمیت شہریوں کے حساس ڈیٹا کے تحفظ، ناکافی ڈیجیٹل فائر والز اور ادارہ جاتی احتساب کے معاملات پر بحث کے لیے گرانٹ میں علامتی طور پر ایک روپے کمی کی تجویز دی گئی، تاہم حکومت نے اس کی بھی مخالفت کی۔

بعد ازاں وزیرِ خزانہ نے مطالبہ نمبر 63 کے تحت اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری  کے اخراجات کے لیے 23 ارب 22 کروڑ 14 لاکھ 46 ہزار روپے کی گرانٹ کی منظوری کی تحریک پیش کی گئی۔ مطالبہ نمبر 63 پر مجموعی طور پر 38 کٹ موشنز پیش کی گئیں۔ رکن قومی اسمبلی نعیمہ کشور خان نے ایک کٹ موشن پیش کرتے ہوئے اسلام آباد کے شہریوں کو کم لاگت رہائشی اسکیمیں فراہم کرنے میں متعلقہ ڈویژن کی مبینہ ناکامی پر بحث کے لیے گرانٹ میں علامتی طور پر 100 روپے کمی کی تجویز دی۔

وزیر خزانہ نے اس کٹ موشن کی بھی مخالفت کی، جبکہ باقی کٹ موشنز کو یکجا کرتے ہوئے پیش شدہ تصور کیا گیا۔ اس موقع پر اسپیکر سردار ایاز صادق نے ایوان کی کارروائی کو منظم انداز میں آگے بڑھاتے ہوئے ارکان کو اظہارِ خیال کے مساوی مواقع فراہم کرنے  کی ہدایت کی۔

 انہوں نے کہا کہ جن ارکان کو کم یا ابھی تک اظہارِ خیال کا موقع نہیں ملا، انہیں ترجیح دی جائے۔