اسلام آباد، 23: جون (اے پی پی): قومی اسمبلی کے اجلاس میں اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ ایوان میں آئین اور پارلیمانی قواعد کے دائرے میں رہ کر بات کرنا ہر رکن کی ذمہ داری ہے، جبکہ قومی اداروں کے خلاف بیانات سے گریز کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بعض اراکین کی جانب سے ایسے بیانات دیے گئے جن میں پاکستان، افواجِ پاکستان اور عدلیہ سے متعلق غیر مناسب ریمارکس شامل تھے، جو پارلیمانی روایات کے مطابق قابلِ قبول نہیں ہیں۔اسپیکر نے کہا کہ ایوان کی کارروائی میں شرکت اور کمیٹیوں میں فعال کردار ادا کرنا ہر رکن کی ذمہ داری ہے، جبکہ محض تنقیدی تقاریر سے پارلیمانی عمل مکمل نہیں ہوتا ۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ ایک باوقار ادارہ ہے اور اس کے اندر یا باہر ایسی گفتگو کی اجازت نہیں دی جا سکتی جو ریاستی اداروں کے خلاف ہو یا قومی مفاد کو نقصان پہنچائے ۔اسپیکر نے مزید کہا کہ ایوان میں اظہارِ خیال کے دوران تمام سیاسی جماعتوں کو ذمہ دارانہ رویہ اپنانا چاہیے اور آئینی حدود کا احترام ہر حال میں لازم ہے۔
انہوں نے کہا کہ اختلافِ رائے جمہوری عمل کا حصہ ہے، تاہم اسے پارلیمانی آداب اور قومی یکجہتی کے دائرے میں رہ کر پیش کیا جانا چاہیے۔











