قومی ترقی، مثبت اقدار اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا، احسن اقبال

3

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ قومی ترقی، مثبت اقدار اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تہذیبی و سماجی روایات نوجوان نسل کی رہنمائی اور قومی ہم آہنگی کے استحکام میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

عید گاہ شریف راولپنڈی میں سالانہ عرس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ بزرگانِ دین کی تعلیمات محبت، خدمتِ خلق، رواداری اور انسانیت کی فلاح کا درس دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی تقریبات معاشرے میں مثبت سوچ، بھائی چارے اور اجتماعی ذمہ داری کے احساس کو فروغ دینے کا ذریعہ بنتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کو اپنی تاریخ، ثقافت اور اخلاقی اقدار سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے تعلیم، کردار سازی اور اجتماعی کاوشوں کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ قوم متحد ہو کر ترقی، استحکام اور خوشحالی کے سفر کو آگے بڑھائے گی۔