لودھراں،24 جون) اے پی پی) محرم الحرام کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے اور عزاداروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سکیورٹی کے جامع انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق ضلع بھر میں 39 مجالس اور 19 جلوس منعقد ہوں گے۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ منعقد ہونے والی 39 مجالس میں 3 اے کیٹگری، 6 بی کیٹگری جبکہ 30 سی کیٹگری کی مجالس شامل ہیں۔ اسی طرح 19 جلوسوں میں ایک اے کیٹگری، 2 بی کیٹگری اور 16 سی کیٹگری کے جلوس شامل ہیں۔
سکیورٹی انتظامات کے تحت مجالس کی ڈیوٹی کے لیے سرکل ڈی ایس پیز سمیت 260 پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے سرکل ڈی ایس پیز سمیت تقریباً 210 پولیس افسران و اہلکار فرائض انجام دیں گے۔
ترجمان پولیس کے مطابق مجالس اور جلوسوں کی مسلسل نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جائے گی۔ مجالس میں داخل ہونے والے شرکاء کی چیکنگ واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹرز کے ذریعے کی جائے گی، جبکہ جلوسوں کے شرکاء کو تین درجاتی حصار پر مشتمل مؤثر سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضا برقرار رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔











