محرم الحرام: ملتان میں فول پروف انتظامات مکمل، کمشنر کا شاہ یوسف گردیز امام بارگاہ کا دورہ

4

ملتان،20 جون (اے پی پی ): کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے شاہ یوسف گردیز امام بارگاہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق، اسسٹنٹ کمشنر سٹی اذکیٰ سحر اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔کمشنر نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی سمیت تمام انتظامات کو فول پروف بنایا گیا ہے جبکہ عزاداروں کی سہولت کے لیے جلوس اور مجالس کے تمام روٹس کو مکمل طور پر کلیئر کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ امن و امان کے قیام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے تاکہ محرم الحرام پر پرامن ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ جلوسوں اور مجالس کی موثر نگرانی کے لیے روٹس پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے براہ راست مانیٹرنگ کی جائے گی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کہا کہ امن کمیٹی اور سول سوسائٹی کے اراکین محرم الحرام کے دوران قیام امن کے لیے انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہے ہیں، جبکہ تمام متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریاں پوری مستعدی سے انجام دے رہے ہیں۔