اسلام آباد، 17 جون)اے پی پی): محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے اسلام آباد کی تاریخ میں پہلی بار خصوصی “محفوظ محرم” ایپ تیار کر لی گئی۔ تمام امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کے مقامات کی جیو ٹیکنگ مکمل کر کے ڈرونز سے ڈیجیٹل نگرانی کا نظام فعال کر دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیرصدارت محرم الحرام کے دوران سکیورٹی و دیگر انتظامات سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ “محفوظ محرم” خصوصی ایپ کے ذریعے شہری کسی بھی مشتبہ شخص، مشکوک سرگرمی یا نامکمل حفاظتی انتظامات کی فوری اطلاع دے سکیں گے۔ ایپ میں لائیو لوکیشن اور امیج شیئرنگ کی سہولت بھی میسر ہو گی۔
سیف سٹی میں مرکزی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے مجالس اور جلوسوں کی حفاظت کے لیے 4 درجاتی حصار بنانے اور جامع ٹریفک پلان پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی۔ انہوں نے جلوسوں اور مجالس کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ متعلقہ افسران فیلڈ میں موجود رہیں۔
وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کے کھانے پینے کے معیاری انتظامات کو بروقت یقینی بنایا جائے۔ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے علمائے کرام سے قریبی رابطہ رکھنے اور ضابطہ اخلاق کی پابندی کو ہر صورت یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔محسن نقوی نے واضح کیا کہ اشتعال انگیز مواد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔
چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد پولیس نے وزیر داخلہ کو انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ تمام مجالس اور جلوسوں کا سیکیورٹی آڈٹ مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ امن اور نگہبان کمیٹیوں کو بھی فعال کر دیا گیا ہے۔ اسلام آباد انتظامیہ علماء، مجالس اور جلوسوں کے منتظمین سے مسلسل رابطے میں ہے۔
اجلاس میں ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز، ڈپٹی کمشنر اور تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔











