مدینہ منورہ :وفاقی وزیر مذہبی امور کا حجاج کی رہائش گاہوں کا دورہ، انتظامات پر اطمینان کا اظہار

3

‎مدینہ منورہ، 6 جون ( اے پی پی): وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے مدینہ منورہ میں رات گئے پاکستانی حجاج کی رہائش گاہوں کا اچانک دورہ کیا اور مسجد نبویؐ کے قریب مرکزیہ میں مقیم حجاج سے ملاقاتیں کرکے انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔

مختلف حجاج نے سرکاری حج اسکیم کے انتظامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے بہترین حج قرار دیا۔

پانچویں مرتبہ حج کی سعادت حاصل کرنے والے حاجی حکیم رفیع اللہ نے امسال کے انتظامات کو مثالی قرار دیا، جبکہ حجاج نے کھانے، رہائش، ٹرانسپورٹ اور خدام الحجاج کی خدمات کو سراہا۔

‎حاجی ڈاکٹر سعید نے کہا کہ انہیں سرکاری حج اسکیم کے تحت آنے کے فیصلے پر فخر ہے۔ فیملی کے ساتھ آنے والے حجاج نے تجویز دی کہ مدینہ منورہ میں بھی فیملی رومز فراہم کیے جائیں، خواہ اس کے لیے اضافی رقم ہی کیوں نہ ادا کرنی پڑے۔

‎اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے ہدایت کی کہ حج آپریشن کے آخری مرحلے تک حجاج کی خدمت میں کوئی کمی نہ رہنے دی جائے۔ انہوں نے کھانے کے معیار، صفائی اور ٹرانسپورٹ کی 24 گھنٹے نگرانی جاری رکھنے اور حجاج کی ہر شکایت کا فوری ازالہ یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

‎سردار محمد یوسف نے کہا کہ حجاج کو مثالی سہولیات کی فراہمی وزارت مذہبی امور کی اولین ترجیح ہے اور حجاج کی خدمت میں کسی قسم کی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔