اسلام آباد، 23 جون (اے پی پی): وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کی ہدایت پر وزارتِ قومی صحت اور اس کے ماتحت اداروں میں مؤثر ای گورننس کے فروغ کے لیے انٹیگریٹڈ ٹاسک مینجمنٹ سسٹم متعارف کرا دیا گیا ہے جبکہ وزیر صحت تفویض کردہ امور کی براہ راست نگرانی کریں گے۔
وزیر صحت مصطفیٰ کمال کی زیر صدارت وزارت صحت کے ماتحت اداروں کے سربراہان کا اجلاس منعقد ہوا جس میں افسران کو نئے انٹیگریٹڈ ٹاسک مینجمنٹ سسٹم کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت نے کہا کہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ڈیجیٹل نظام کا فروغ ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹاسک مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے تمام امور آن لائن، واضح اور قابل نگرانی ہوں گے جبکہ ہر کام کی پیشرفت، ذمہ داری اور تکمیل کا مکمل ریکارڈ محفوظ رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزارت کے تمام احکامات اور ہدایات کو ایک مرکزی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر منتقل کر دیا گیا ہے اور نظام کے تحت ایک ریئل ٹائم ڈیش بورڈ فراہم کیا گیا ہے جس کے ذریعے کسی بھی وقت تفویض کردہ کاموں کی پیشرفت ایک ہی پلیٹ فارم پر دیکھی جا سکے گی۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ یہ اقدام وزارت صحت کو مکمل طور پر ڈیجیٹل اور کاغذ سے پاک نظام کی جانب لے جانے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اب تمام امور ٹاسک مینجمنٹ سسٹم کے تحت چلیں گے اور اسی بنیاد پر جوابدہی، کارکردگی اور انعام و سزا کا تعین کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس نظام سے روایتی طریقہ کار میں کمی آئے گی اور یہ اقدام حکومت کے شفافیت، مؤثر حکمرانی اور جدید ڈیجیٹل نظام کے فروغ کے وژن کے مطابق ہے۔ وزیر صحت نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ نئے نظام کو مکمل سنجیدگی سے اپنائیں۔











