وزیراعظم کی زیر صدارت بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری سے متعلق جائزہ اجلاس، عمل تیز کرنے کی ہدایت

1

اسلام آباد، 9 جون (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں نجکاری کے جاری عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ خسارے کا شکار سرکاری اداروں کی نجکاری حکومت کی ترجیح ہے اور اس عمل کو مزید تیز کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نجکاری کا تمام عمل مکمل طور پر شفاف انداز میں مکمل کیا جائے اور نجکاری کے بعد مضبوط ریگولیٹری فریم ورک بھی تشکیل دیا جائے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی، گوجرانوالا الیکٹرک پاور کمپنی اور فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کی نجکاری کی جائے گی۔ بریفنگ کے مطابق ان کمپنیوں کی نجکاری کے لیے دلچسپی کے اظہار کی دعوت ملکی اور بین الاقوامی اخبارات میں شائع کی جا چکی ہے۔

مزید بتایا گیا کہ نجکاری کمیٹی نے ان تین کمپنیوں کے لیے لین دین کے ڈھانچے کی منظوری دے دی ہے جبکہ سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے تجارتی تشہیری دوروں کا آغاز رواں ماہ سے کیا جا رہا ہے۔ سعودی عرب، ترکیہ اور چین کے سرمایہ کاروں کے لیے بھی بین الاقوامی سطح پر خصوصی تشہیری سرگرمیاں منعقد کی جا رہی ہیں۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری، مشیر وزیر اعظم برائے نجکاری محمد علی، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔