اسلام آباد، 16 جون (اے پی پی): وفاقی محتسب نے ماحولیاتی آلودگی اور بڑھتے ہوئے پٹرول بل پر قابو پانے کے لیے کامسیٹسکے تعاون سے تیار کردہ مقامی الیکٹرک وہیکل ٹیکنالوجی کو اپناتے ہوئے ایجیکو کے سی ای او اسلم آزاد نے وفاقی محتسب کے حکام کو ای وی بائیکس (الیکٹرک موٹر سائیکلیں) فراہم کر دی ہیں۔
ای وہ بائیکس کی فراہمی تقریب میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر کامسیٹس سفیر ڈاکٹر محمد نفیس زکریا نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایجیکو کے تعاون سے ایک ایسی جدید کٹ تیار کی ہے جو روایتی پٹرول سے چلنے والے دو اور تین پہیہ گاڑیوں کو بجلی پر منتقل کر سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس پراجیکٹ سے پاکستان میں موجود تقریباً 3 کروڑ موٹر سائیکلوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی 37 ملین میٹرک ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ اور 4 ارب ڈالر کے پٹرول امپورٹ بل میں واضح کمی لائی جا سکے گی۔
انہوں نے کہا کہ 27 ممالک کے بین الحکومتی ادارے ‘کامسیٹس’ کا یہ اقدام نہ صرف اسموگ کے خاتمے اور غریب طبقے کو سستی سواری کی فراہمی میں مددگار ثابت ہوگا، بلکہ یہ اقوامِ متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف بشمول صحت، ماحول اور سستی توانائی کے حصول کی جانب بھی ایک اہم پیش رفت ہے۔
وفاقی محتسب نوید کامران بلوچ کی سرپرستی میں شروع کیے گئے اس ماحول دوست اقدام میں فوجی فرٹیلائزر کمپنی کے تعاون سے قائم کردہ ‘فوڈ سیکیورٹی اینڈ ایگریکلچر سینٹر آف ایکسی لینس’ بھی خودمختار کارپوریٹ اور این جی او سیکٹر سے اس مہم کا حصہ بننے والا پہلا ادارہ بن گیا ہے۔











