اسلام آباد:22جون(اے پی پی): وفاقی وزیر براۓ مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ حج 2027 کے لیے رجسٹریشن کا آج سے اغاز کیا جا رہا ہے عازمین حج گھر بیٹھے ان لائن رجسٹریشن کرا سکیں گے۔
حج رجسٹریشن 2027 کی لانچنگ تقریب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حج 2027 کی رجسٹریشن مکمل طور پر مفت ہے رجسٹریشن پہلے ائیے پہلے پائیے کی بنیاد پر کی جا رہی ہے، عازمین کے پاسپورٹ کی معیاد کم از کم 26 نومبر 2027 تک ہونی چاہیے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بھی آن لائن رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ رجسٹریشن کے بعد عازمین کو سرکاری یا نجی میں سے کسی ایک حج سکیم کا انتخاب کرنا ہوگا۔ حجاج کرام نے حالیہ حج انتظامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا روڈ ٹو مکہ سکیم اس سال لاہور سے بھی شروع ہوئی تقریبا 80 فیصد حجاج کرام روڈ ٹو مکہ سکیم سے مستفید ہوئے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ رجسٹریشن کے بغیر کوئی حج درخواست قبول نہیں کی جائے گی۔ تمام خواہشمند پاکستانی عازمین کسی بھی تاخیرکے بغیر اپنی رجسٹریشن کرائیں اور اس سلسلے میں کسی غیرمصدقہ خبر پر توجہ نہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ حج 2026کےانتظامات انتہائی کامیاب رہے ، وزارت مذہبی امور کو سرکاری سکیم اور تین پرائیویٹ کمپنیوں کو اس مرتبہ بہترین حج انتظامات پر سعودی حکومت کی جانب سے ایوارڈ بھی دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت نے بھی ہر سال کی طرح اس سال بھی ہر طرح کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے جس پر ہم خادم حرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، سعودی ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان ، وزیر مذہبی امور ڈاکٹر توفیق الربیعہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ انہوں نے خصوصی طور پر پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کا بھی شکریہ ادا کیا۔











